نئی دہلی2 مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)کانگریس صدر راہل گاندھی اپنی نانی کے ساتھ ہولی کھیلنے اور انہیں سرپرائز دینے کے لئے اٹلی گئے ہیں۔اس کی اطلاع انہوں نے خود ٹویٹر پر دی۔ راہل گاندھی کا اٹلی جانا اور دہلی میں کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم کی گرفتاری کے بعد عدالت سے بیل نہ ملنے اور انہیں سی بی آئی حراست میں بھیجے جانے کا دن ایک ہی تھا۔ ایسے میں بی جے پی لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ میناکشی لیکھی نے راہل گاندھی پر طنزکرنے کا کوئی موقع نہیں گنوایا۔راہل گاندھی کے ٹوئٹ کو شیئر کرتے ہوئے میناکشی لیکھی نے دونوں مختلف واقعات شامل کرتے ہوئے طنزکیا ہے ۔میناکشی لیکھی نے لکھا کہ کارتی کی گرفتاری نے نانی یاد دلایا۔میناکشی لیکھی پیشے سے وکیل اور بی جے پی کی لوک سبھا میں ممبر پارلیمنٹ ہیں۔ واضح ہو کہ کانگریس پارٹی کے صدر راہل گاندھی نے ٹوئٹ کر کے بتایا تھا کہ وہ اپنی نانی کے پاس جا رہے ہیں۔ جمعرات کو ہی راہل گاندھی اپنی نانی کو ’سرپرائز‘ دینے کے لئے اٹلی روانہ ہو گئے۔ راہل گاندھی اپنی نانی کے ساتھ ہولی منائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ملک کے باشندوں کو بھی ہولی کی’مبارک‘ دی۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا’میری نانی 93 سال کی ہیں، وہ دنیا میں سب سے مہربان خاتون ہیں،اس بار ہولی کی چھٹی ان کے ساتھ گزار کر میں انہیں ’سرپرائز‘ دینا چاہتا ہوں۔ ان سے آشیرواد لینے کے لئے اب انتظار نہیں کر سکتے‘ ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھاکہ آپ سب کو ہولی مبارک، جوش و خروش کے ساتھ ہولی کا جشن منائیں ۔قابل ذکر ہے کہ آئی این ایکس میڈیا کو فائدہ پہنچانے کے الزام میں کارتی چدمبرم کو سی بی آئی نے گرفتار کیا ہے اور معاملے کی جانچ چل رہی ہے۔